لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ ریجن میں منظم جرائم کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران فیلڈ میں جاکر فورس کی پرفارمنس اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین پر تشدد، اغواء اورزیادتی کے واقعات میں زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے اورمنشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں۔ آئی جی نے تحصیل چونیاں اور پتوکی کے شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس خدمت مرکز کے قیام کی ہدایت جاری کی۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے گزشتہ روز چھانگا مانگا ریسٹ ہاؤس میں شیخوپورہ ریجن کے اجلاس کی صدارت اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بہترین ویلفیئر اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ میڈیا اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کرائم کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات میں بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ تھانہ سٹی اور صدر چونیاں کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔