شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے ایک یوٹیوبر پر پی ٹی آئی این کیخلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور اس میں الیکشن کمیشن کو ملوث کرنے پر لیگل نوٹس دیا تھا جس کا جواب نہ آنے پر اختر ڈار نے اپنے وکیل محمد اسلم زار ایڈووکیٹ کی توسط سے سینئر سول جج لاہور کی عدالت میں یوٹیوبر کیخلاف 50کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے دعویٰ میں موقف اختیار کیاگیا ہے یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھاکہ الیکشن کمیشن نے راتوں رات پی ٹی آئی این کو رجسٹرڈ کیا اور پی ٹی آئی کے ملتے جلتے نام اور ملتے جلتے جھنڈے اور ملتے جلتے انتخابی نشان بلے باز جاری کیا جوغلط بیانی اور جھوٹ پر مبنی ہماری پارٹی کیخلاف پروپیگنڈا تھا جس سے پارٹی اور چیئرمین کی ذات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی این 2016 میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہوئی تھی تحریک انصاف نظریاتی کے پلیٹ فارم سے 2018کے جنرل الیکشن میں 35سے زائد امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی سے الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں جبکہ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخابات میں بھی امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جس پر سینئر سول جج لاہور محبوب الٰہی نے یوٹیوبر کو 6 اکتوبر کو عدالت میں طلب کر لیا۔