لاہور ( نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان اوربالخصوص لاہور شہر قدیم تاریخی ورثے اور تہذیبوں کا گڑھ ہے اور اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی قلعہ میں ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے مابین شاہی قلعہ کی بحالی کے ایک بڑے منصوبے کے معاہدہ پر دستخط کیے گئے جو کہ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری اور ایف ڈی اے کے ڈائریکٹر مسٹر فلپس نے کیے۔ میاں محمود الرشید نے منصوبے کے لیے فنڈز دینے پرفرانسیسی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے عمران خان کے ویژن کے مطابق مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان کا ثقافتی ورثہ محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ایسے منصوبوں میں تعاون سے ممالک کے مابین دوستی کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔ قبل ازیں کامران لاشاری نے کہامنصوبے کے تحت لیڈی ولنگٹن ہسپتال سے لیکر بادامی باغ تک قلعے کے بیرونی حصے کی بحالی و بہتری کی جائیگی۔، قلعے کے اندر موجود عام انسانوں سے ڈیڑھ سو سال سے اوجھل مغل شہنشاہوں کا زیرزمین سمر پیلیس اصل حالت میں بحال کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ قبل ازیں کامران لاشاری نے وزیر بلدیات کو بحال شدہ شاہی باورچی خانے کا دورہ کراتے ہوئے بتایا کہ یہ شاندار جگہ پہلے عقوبت خانے کے طور پر استعمال ہو رہی تھی۔ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق، آغا خان کلچرل سروسز کے سی ای او خواجہ توصیف اور ایف ڈی اے و متعلقہ محکموں کے افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔