سندھ حکومت کا الیکشن کمیشن کوخط بدنیتی پر مبنی‘محمد حسین محنتی

کرا چی(نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ حکومت کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کا انعقاد ناممکن ہونے کی خبروں اور سندھ پولیس کی نفری کے کمی کا جواز پیش کرکے بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کی درخواست کو کراچی سمیت سندھ کے عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی شکست کے ڈر کی وجہ سے بار بار مختلف حیلوں بہانوں سے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرکے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے،سندھ میں الیکشن کمیشن بلیک میلرز کا آلہ کار نہ بنے، زیادہ سے زیادہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن مؤخر کئے ہوئے ہیں لیکن کراچی میں ایسی کوئی صورتحال نہیں جس کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کو مؤخر کیا جائے سندھ حکومت کا الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط سو فیصد بدنیتی پر مبنی ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ گذشتہ ڈھائی سالوں سے جان بوجھ کر مسلسل بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی جارہی ہے تاکہ کراچی کے وسائل پر قبضہ برقرار رہے۔سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 15 سالوں سے برسراقتدار ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن