سرسیدیونیورسٹی میں اکیڈمکریسرچ اینڈ لائبریری بلاک کا سنگِ بنیاد

Oct 05, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)  ملک کے ممتاز و معروف تعلیمی، سماجی اور کاروباری شخصیت سردارمحمدیاسین ملک نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کے اکیڈمک، ریسرچ اینڈ لائبریری بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔ تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین، سربراہانِ شعبہ جات، اساتذہ ،عمائدین شہر ودیگر کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔مہمانِ خصوصی سردار یاسین ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے انحراف ممکن نہیں ۔ یہ خوشحالی اور خودکفالت کی ضامن ہے ۔ میری زندگی کا اولین و بنیادی مقصد فروغِ تعلیم ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے نہ صرف تعلیمی ادارے قائم کرنے میں مدد کی بلکہ طلبا کے لیے بھی وظاف اور مالی امداد کا بندوبست کیا تاکہ ان کی تعلیم ادھوری نہ رہ جائے ۔ کیونکہ مجھ سے زیادہ تعلیم کی اہمیت کو کون جان سکتا ہے ۔ میں نے انتہائی نامساعد حالات میں تعلیم حاصل کی ۔ انسان کو اپنی محنت اورکردار سے ترقی و کامیابی ملتی ہے ۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ آج کادن بڑا اہم اور یادگار ہے کیونکہ آج سرسید یونیورسٹی کے اکیڈمک، ریسرچ اینڈ لائبریری بلاک کے تعمیراتی کام کا سنگِ بنیاد رکھا جارہا ہے ۔ سرسیدیونیورسٹی کے قیام کی بنیاد فکرِ سرسید ہے ۔ فکرِ سرسید ایک سوچ اور نظریہ کا نام ہے ۔ سرسید کی سوچ، تدبیر اور تدبرکے نتیجے میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی وجود میں آئی جو نہ صرف انڈیا کی صف اول کی یونیورسٹی ہے، بلکہ دنیا کی ممتاز جامعات میں اس کا شمار ہوتا ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹراسٹرٹیجک پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شاہد عزیز نے عمارت کی تعمیر کے حوالے سے ایک معلوماتی پریزنٹیشن بھی دی ۔

مزیدخبریں