بلاول وطن واپس، زرداری کی عیادت، امارات سے ڈاکٹر کراچی پہنچ گئے 


کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے آمد کے فوری بعد نجی سپتال میں اپنے والد سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکہ کا طویل دورہ کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، وہ وطن واپسی کے فوری بعد اپنے والد آصف زرداری کو دیکھنے سپتال پہنچے اور ان کی عیادت کی۔ بلاول بھٹو نے سابق صدر کی صحت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں، ڈاکٹر عاصم نے انہیں آصف زرداری کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے والد کی عیادت کے لئے ہسپتال میں ایک گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔ دریں اثناء آصف علی زرداری کے علاج کے لیے بیرون ملک سے ماہر ڈاکٹروں کی 3رکنی ٹیم کراچی پہنچ گئی، خصوصی طیارے کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے معالج کو کراچی پہنچا دیا گیا، سابق صدر کو بیرون ملک منتقل کرنے پر غور اور فیصلہ خصوصی معالج کریں گے، معالجین کی ٹیم کو خصوصی سکیورٹی میں ضیاء الدین ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری بھی دوبارہ ضیاء الدین ہسپتال پہنچ گئے، ڈاکٹروں کے مشورے سے سابق صدر کو ایئر ایمبولینس پر یو اے ای منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق دبئی سے آنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے آصف علی زرداری کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم ماہر امراض سینہ پر مشتمل ہے۔ غیر ملکی ڈاکٹروں نے رائے دی کہ آصف علی زرداری کا علاج اور تشخیص درست سمت میں کیا جا رہا ہے۔ فی الحال آصف علی زرداری کو بیرون ملک علاج کی ضرورت نہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن