لال حویلی سمیت 7 املاک کا قبضہ واگزار کرانے  کے فیصلے کیخلاف شیخ رشید کی اپیل کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی 

Oct 05, 2022

 راولپنڈی (جنرل رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے لال حویلی سمیت 7یونٹس کا قبضہ واگزار کرانے کے لئے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور ان کے بھائی کی اپیل کی ابتدائی سماعت کے بعد شیخ رشید کے وکیل کو کیس کی پیروی آگے بڑھانے، مزید جواب یا دستاویزات جمع کرانے یا کیس واپس لینے کیلئے 12 اکتوبر تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ شیخ رشید  کے  وکیل زاہد اقبال جنجوعہ عدالت میںپیش ہوئے جبکہ متروکہ وقف املاک کی پیروی مدثر اکرام چوہدری نے کی۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مینجمنٹ اینڈ ڈسپوزل آف اربن ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹیز 1977کی سیکشن 14 کے تحت سول عدالت وقف املاک کی کارروائی میںمداخلت نہیں کرسکتی جبکہ اس معاملے میں شیخ رشید پہلے ہی تسلیم کرچکے ہیں کہ لال حویلی اور اس سے ملحقہ دیگر 6 اراضی یونٹس متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہیں اور شیخ رشید اور وقف املاک کے مابین کرایہ داری ریگولرائزیشن کا معاملہ درپیش ہے۔ شیخ رشید اور انکے وکلاء وقف املاک میں زیر سماعت کیس میں متعدد بار پیش بھی ہوچکے ہیں اور ان کی جانب سے مستند دستاویزات پیش نہ کئے جانے کی وجہ سے وقف املاک نے کارروائی مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کیا ہے۔  شیخ رشید احمد اور ان کے بھائی شیخ صدیق احمد نے  اپیل میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار شیخ صدیق بوہڑ بازار میں واقع جائیداد نمبر D-158کا مالک و قابض ہے جو ڈیڈ نمبر6381کے تحت 19اگست1987سے نہ صرف رجسٹرڈ ہے بلکہ درخواست گزار اس کا قانونی قابض ہے جبکہ درخواست گزار کا بھائی شیخ رشید ایک معروف سیاستدان ہے جو عوامی مسلم لیگ کا صدر ہونے کے ساتھ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 62سے منتخب رکن  ہے جو وفاقی وزیر داخلہ سمیت مختلف اہم وزارتوں پر فائز رہا اور 3دہائیوں سے جائیداد نمبر D-329پر قانونی قابض ہے۔ یاد رہے کہ  شیخ رشید احمد نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے بورڈ کی ملکیتی جائیداد میں لال حویلی سمیت 7یونٹس کا قبضہ واگزار کرانے کے لئے جاری کارروائی روکنے کے لئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر سول جج راولپنڈی نوید اختر لوہن نے سماعت کے بعد سماعت کا دائرہ اختیار نہ ہونے کی وجہ سے 28ستمبر کو شیخ رشید کی درخواست خارج کر دی تھی جس کے خلاف شیخ رشید اور ان کے بھائی نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔
لال حویلی 
 

مزیدخبریں