کولڈ سٹوریج انڈسٹری  کے بجلی ٹیرف میں اضافہ واپس لیاجائے، ثاقب رفیق 

Oct 05, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کولڈ سٹوریج کے بجلی کے ٹیرف میں اضافہ واپس لیاجائے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں کی حدود میں واقع بڑے اور چھوٹے کولڈ سٹوروں کے بجلی کے ٹیرف اچانک انڈسٹریل سے کمرشل کر دیے گئے ہیں جس سے کولڈ سٹوریج انڈسٹری کے بند ہونے کے امکانات ہیں، انہوں نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں تبدیلی اور اس کے نتیجہ میں آنے والے ہوشربابجلی کے بلوں نے کولڈ سٹوریج مالکان میں شدیدتشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف کاشتکار بلکہ فروٹ و سبزی کی تجارت کرنے والے کاروباری حضرات اس سیکٹر میں مہنگائی کو روکنے سے قاصر ہوں گے۔ اور اس کا اثر عام شہری پر پڑے گا۔ثاقب رفیق نے کہا کہ  عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور بجلی گیس و پٹرول اور روز مرہ کی اشیا ان کی قوت خرید سے دور ہو چکی ہیں اور ایسے وقت میں عوام کو ریلیف دینے کا سوچنا چاہیے، کولڈ سٹوریج فروٹ و سبزی کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور پوری دنیا میں ان کے بغیر فروٹ و سبزی کا کاروبار نہیں ہو سکتا،  امید ہے حکومت حالات کی سنگینی کا احساس کرے گی اور ٹیرف میں اضافہ واپس لے گی۔

مزیدخبریں