کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ تکمیل آزادی تب تک ممکن نہیں جب تک آج کے مظلوم کل آنے والی نسلوں کے سکون کی خاطر اپنے گھروں سے نہیں نکلتے بصورت دیگر حالات بد سے بدتر ہوتے جائیں گے۔ نوجوان سڑکوںپر دن دیہاڑے موت کے گھاٹ اتارے جا رہے ہیں، پورے پورے خاندان نالوں میں گر کر مر رہے ہیں، ان حالات کے زمہ دار صرف ظالم اربابِ اختیار ہی نہیں بلکہ خاموشی سے اپنے پیاروں کو مرتا دیکھنے والی لوگ بھی ہیں۔ ظالم حکمرانوں کو گالی دینے سے ظالم کمزور نہیں ہوتا، عام آدمی کی خاموشی نے ظالم حکمرانوں کے حوصلے بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے وہ مزید ظالم اور سرکش ہوگیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی اس ظلم کے نظام کے خلاف عملی جہاد کر رہی ہے اور چہروں کی نہیں بلکہ نظام کی درستگی چاہتی ہے۔ ہم نے تین آئینی ترامیم تجویز کی ہیں جس سے ملک میں انتظامی بہتری آ سکتی ہے پہلی ترمیم کے تحت میئر کے ڈپارٹمنٹ وزیراعظم اور وزیراعلی کی طرح آئین میں درج کیئے جائیں، دوسرا این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا کیا جائے، تیسرا قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بلدیاتی انتخابات سے مشروط کیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس کے باہر کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور دیگر اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی موجود تھے۔
عام آدمی کی خاموشی نے ظالموں کے حوصلے بڑھا دیئے‘ مصطفی کمال
Oct 05, 2022