کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے علاج کے لیے بیرون ملک سے ماہر ڈاکٹروں کی 3 رکنی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق خصوصی طیارے کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے معالج کو کراچی پہنچا یا گیا، سابق صدر کو بیرون ملک منتقل کرنے پر غور اور فیصلہ خصوصی معالج کریں گے۔ معالجین کی ٹیم کو خصوصی سکیورٹی میں ضیا الدین اسپتال پہنچا دیا گیا۔ آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی ضیا الدین اسپتال میں موجود ہیں۔ اسپتال کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔ ڈاکٹروں کے مشورے سے سابق صدر کو ایئر ایمبولینس پر یو اے ای منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری امریکا کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، انہوں نے آمد کے فوری بعد منگل کو نجی اسپتال میں اپنے والد سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی عیادت کی۔ بلاول بھٹو نے سابق صدر کی صحت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں، ڈاکٹر عاصم نے انہیں آصف زرداری کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے والد کی عیادت کے لیے اسپتال میں ایک گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔