اسلام آباد،راولپنڈی(خبرنگار،جنرل رپورٹر) اسلام آبا دمیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 93کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر کیسز کی تعداد2679ہو چکی ہے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او)ڈاکٹر زعیم ضیا ء کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ روز ڈینگی کے 93نئے کیسز رپورٹ ہوئے رواں سال اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد2679ہو گئی ہے دیہی علاقوں میں 47کیسز کے بعد مجموعی طور 1581جبکہ شہری علاقوں میں مزید46کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جسکے بعد شہری علاقوں میںمجموعی طور پر1098کیس رپورٹ ہو چکے ہیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں سب سے زیادہ بائیس کیسز پمز ہسپتال میں رپورٹ ہوئے ۔ ڈینگی کے سدباب کیلئے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی محکمہ صحت راولپنڈی نے سرویلینس، سپرے اور فوگنگ کا عمل تیز کر دیا، راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 79 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے، اس سال مریضوںکی تعداد 2609 تک پہنچ گئی،راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں ہولی فیملی ہسپتال میں 60، ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں54 اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں اس وقت ڈینگی کے90مریض زیر علاج ہیں،ترجمان محکمہ صحت کے مطابق رواں برس ڈینگی کے باعث 3 افراد جاںبحق ہوچکے ہیں،راولپنڈی کے ڈینگی مریضوں کی اکثریت پوٹھوہار ٹاون سے ہے،ڈینگی مچھر اور لاروا کے خاتمے کیلئے جاری کئے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور رواں سال میں اب تک مجموعی طور پر 2457مقمدات درج کرائے گئے، 585مقامات کو سیل کیا گیا، 7289چالان اور 10041کو نوٹس جاری کئے گئے اور 6900416روپے جرمانہ کیا گیا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر انصر اسحاق کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر احسان غنی ، ڈپٹی ڈسٹر کٹ ہیلتھ آفیسران راول ٹائون ڈاکٹر محمد حسین ترمزی ، پوٹھوہار ٹائون ڈاکٹر نوید اختر اور کینٹ ڈاکٹر نوید کی نگرانی میں فوگنگ سکواڈ کے انچارج ملک مہربان اور راجہ کامران نے ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں، ڈھوک کھبہ، راول ٹائون، پوٹھوہار ٹائون، کینٹ ، ڈھوک کشمیریاں، گرجا روڈ، نیال محلہ ، آ ریہ محلہ لیاقت روڈ اور دیگر علاقوں میں گھروں عمارتوں اور مارکیٹوں کے اندر ڈینگی مچھر مار سپرے کرایا گیا اور گلیوں محلوں میں فوگنگ کی گئی، محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے جس علاقے سے بھی ڈینگی مرض میں مبتلا مریض کا نکشاف ہو تا ہے تو اس علاقے میں جہاں وہ رہائش پذیر ہے اس گھر کی مکمل چیکنگ کرکے سپرے کیا جاتا ہے ، اس کے ساتھ اطراف کے 50گھروں کو بھی چیک کرکے سپرے کیا جا تا ہے اس کے ساتھ 400سے500میٹر تک فوگنگ کی جاتی ہے تاکہ مچھر کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ڈینگی،فوگنگ
اسلام آبا د:ڈینگی وائرس کے 93کیسز، دیہی علاقوں میں 47کیس
Oct 05, 2022