اسد عمر،علی نواز اعوان کا آئی سی سی آئی کا دورہ،نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

Oct 05, 2022

 اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)  پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ گروپ لیڈر خالد اقبال، چیمبر کے سابق صدور میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری اور محمد اعجاز عباسی، چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار بختاوری، طاہر عباسی، چوہدری ندیم الدین گجر، ناصر محمود چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے انڈسٹریل زون کا قیام پی ٹی آئی حکومت کی اہم ترجیح تھی اور انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حکومت اس اہم منصوبے کے قیام کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعت کاری کو فروغ ملے گا اور معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی آبادی میں سالانہ 6 فیصد اضافہ ہو رہا ہے جو کہ ملک میں سب سے زیادہ شرح ہے لہذا نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے صنعت کاری کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے نوجوان ٹیلنٹ کو بزنس کمیونٹی کی قیادت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ معیشت کی بحالی تمام اسٹیک ہولڈرز کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔  انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ کیلئے ایک پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے تا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام پیدا ہو جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کیلئے آئی سی سی آئی کا دورہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان کا شکریہ ادا کیا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدرمحمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ ہماری نئی نسل کا مستقبل ایک خوشحال پاکستان سے وابستہ ہے لہذا تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو خطے کی ایک مضبوط معیشت بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، سابق صدور میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری اور محمد اعجاز عباسی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی دور حکومت میں پارلیمنٹ سے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کرانے میں اسد عمر کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے پاس ہونے سے  بزنس کمیونٹی کا چالیس سالہ پرانا مسئلہ حل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان کیلئے یہ ضروری ہے کہ سب مل کر ملک میں معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کریں۔
پی ٹی آئی قائدین

مزیدخبریں