امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر کی کوآرڈینیٹر جنرل، کامسٹیک سے ملاقات 

Oct 05, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد خان شکیب نے کوآرڈینیٹر جنرل، کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے کامسٹیک سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔تفصیلا ت کے مطابق پروفیسر چوہدری نے 57 مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو مضبوط بنانے کےلئے کامسٹیک کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فلسطین، یمن اور صومالیہ کے ساتھ جاری مشترکہ پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کوآرڈینیٹر جنرل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کے صدر نے، جو کامسٹیک کے چیئرمین ہیں، نے افغانستان میں اعلیٰ تعلیم اور ہنر کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس سلسلے میں کامسٹیک کنورشیم کی ممبر یونیورسٹیوں میں افغان طلباءاور محققین کی اکیڈمک ٹریننگ کےلئے مختلف پروگرام شروع کئے جائیں گے۔پروگرام کا دوسرا حصہ افغانستان میں غذائی تحفظ پر مشتمل ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سیکیورٹی ، قازقستان اور پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل، وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فروری 2023 میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ یہ 3 روزہ مشترکہ ورکشاپ میں افغانستان میں خشک سالی کے حالات میں گندم کے اگنے کے مسائل کے لیے ایک دن وقف کرے گا۔پروگرام کے تیسرے حصے میں کامسٹیک ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور لاہور یونیورسٹی کے اشتراک سے افغانستان میں صحت کے شعبے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت عامہ میں بنیادی صحت کی سہولیات، بیماریوں کی نگرانی، طبی ٹیکنالوجی، وینٹی لیٹر، ادویات اور ریگولیٹری امور میں افغان ہیلتھ کیئر ورک فورس کو تربیت دینے کے لیے اکٹھے کام کر یں گے۔امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد خان شکیب نے پروفیسر محمد اقبال چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور امت مسلمہ کے لیے کامسٹیک کے شاندار کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی قیادت کی طرف سے پاکستان کے عوام اور حکومت اور او آئی سی کے رکن ممالک اور کامسٹیک کے درمیان قریبی رابطے کے مضبوط اشارے ملے ہیں۔ مسٹر شکیب نے کہا کہ افغان طلباء پاکستان اور او آئی سی کے دیگر رکن ممالک میں تعلیم حاصل کرنا اور مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ افغانستان کا سفارت خانہ افغان عوام کے فائدے کے لیے پیش کی گئی تجاویز، پروگراموں اور اقدامات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔کنسلٹنٹ ہیلتھ انیشیٹو کامسٹیک ڈاکٹر عبدالرشید اور سیاسی، ثقافتی اور تعلیم کے سربراہ، سفارت خانہ افغانستان علی منصور خالق یار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سردار شکیب

مزیدخبریں