رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت ) نیب حکام نے تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کیلئے مخصوص فنڈز کو بغیر ٹینڈر لگانے پر انکوائری کا حکم دیدیا،وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ایک طویل عرصے کے بعد رائے ونڈ اجتماع گاہ جانیوالی 10سڑکوں کی تعمیر ومرمت کیلئے 2 ارب 20 کروڑروپے کا خصوصی فنڈز فراہم کیا جو کہ ایل ڈی اے لاہور کی طرف سے لگایا جاناتھا،ایل ڈی اے حکام نے پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تمام کام مبینہ طور پر منظور نظر ٹھیکیداروں کو الاٹ کردئیے جو آنا فانا فنڈز کو برباد کر رہے ہیں اور سڑکوں سے کارپٹ اکھاڑ پچھاڑ کرکے برائے نام پتھر ڈالا جارہا ہے، سڑکوں کی سطح ہموار کرنے کاکام بھی نہیں کیا جارہا بلکہ سڑکوں پر موجود جابجا کھڈوں کو پرکرنے کیلئے پتھر کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ ٹھیکیداروں کے مطابق ایڈوانس کام وزیر اعلیٰ کے حکم پر شروع کئے گئے ہیں جبکہ ایل ڈی اے حکام معمول کی کارروائی قرار دے رہے ہیں شہریوں کی شکایت پر ڈی جی نیب لاہور نے کارروائی کی ہدایت کی۔