شہر میں صاف پانی کے مزید ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے‘ مشینری و آلات پر ٹیکس ختم کرانے کی کوشش بھی  کرینگے‘ وزیر بلدیات سندھ

کراچی ( نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو کا ایکسپو سینٹر کراچی میں افتتاح کر دیا۔ یہ چھٹی نمائش پرائم ایونٹ منیجمنٹ کے تحت منعقد کی گئی ہے جو تین روز تک جاری رہے گی۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے نمائش میں موجود اسٹالز کا دورہ کیا۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان بھی موجود تھے۔ اس دوران نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے وزیر بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نمائش کا موضوع پانی کے انتظام میں ابھرتے ہوئے رجحانات ہے۔ نمائش میں ترکی، چین، جرمنی، سپین، تائیوان اور ملائیشیا کی بین الاقوامی کمپنیاں بھی شریک ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پانی سے متعلق مشینری کی درآمد پر پابندی ختم کرائیں گے، ایسی مشینری و آلات پر ٹیکس بھی ختم کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں دو سو سے زائد کمپنیاں شریک ہیں جس پر منتظم کامران عباسی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت وہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلی اور ان کی ٹیم کوشاں ہے، پانی کافی ہوتا ہے، اسے بچانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ہم متعدد ڈی سیلینشن پلانٹس بھی لگا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کی سکیورٹی رپورٹ پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی بات ہوئی ہے لیکن یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔ کمیشن رینجرز اور فوج بھی بلا سکتا ہے۔ آئندہ انتخابات میں سب معلوم ہو جائے گا کہ کون کتنا پاپولر ہے۔ قبل ازیں واٹر بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد صلاح الدین نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے مزید ٹیکنالوجیز لا رہے ہیں ۔ کچی آبادیوں میں صاف پانی پلانٹس کی تنصیب کی ضرورت ہے ۔شہر کو صاف پانی کی سپلائی کیلئے مزید سہولیات فراہم کریں گے ۔ دو ٹریٹمنٹ پلانٹ چل رہے ہیں ۔ مزید ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے۔
ناصر شاہ

ای پیپر دی نیشن