سوئیڈش لائنزکلب نے304خیمے پاکستان پہنچادیئے

کراچی (کامرس رپورٹر) لائنز کلب انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ گورنر سائوتھ محمد فاروق ڈھیڈھی اورسابق کونسل چیئرمین ظفراقبال کی کامیاب کوششوں کے بعد سوئیڈش لائنز کلب نے سیلاب متاثرین کیلئے لائنز خیمہ سٹی قائم کرنے کیلئے 304خیمے پاکستان بھیج دیئے۔2 سوئیڈش لائنز خیموں کا کنسائنمنٹ لے کر پاکستان پہنچے این ڈی ایم اے نے سوئیڈش لائنز کا استقبال کیااورخیموں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔سوئیڈش لائنزکلب نے ہدایت کی تھی کہ تمام خیمے پاکستان میں موجود لائنز کلب انٹرنیشنل کے ذمہ داران ڈسٹرکٹ گورنر سائوتھ محمد فاروق ڈھیڈھی،سابق کونسل چیئرمین ظفراقبال کی موجودگی میں نصب کئے جائیں۔اس لئے پاکستان آرمی اورسندھ رینجرز کی نگرانی میں تمام خیمے 2ٹرکوں میں این ڈی ایم اے ، سوئیڈش لائنز کلب کے دونوں ممبران اور محمد فاروق ڈھیڈھی،ظفراقبال کے ساتھ کراچی سے نصیر آباد،ڈیرہ مراد جمالی ،بلوچستان پہنچائے گئے۔ نصیرآباد میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی رہائش کیلئے 150خیمے لگادیئے گئے ہیں۔تمام خیموں پر لائنز کلب سوئیڈش کامونوگرام بھی موجود ہے جبکہ  154خیموں کے ساتھ دوسری لائنز خیمہ سٹی دوروز کے بعد این ڈی ایم اے کی نگرانی میں سبی کے علاقے میں قائم کی جائے گی اور سبی میں جگہ کا تعین این ڈی ایم اے کرے گی۔لائنز خیمہ بستیوں کے حوالے سے لائنز کلب انٹرنیشنل کے مقرر کردہ گرانٹ ایڈمنسٹریٹر ملک خدابخش نے بتایا کہ لائنز کلب انٹرنیشنل فاؤنڈیشن (ایل سی آئی ایف) نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شدید ترین متاثرہ 100 مکانات کی ازسرنو تعمیر کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی گرانٹ دی ہے اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے،100گھربنانے کیلئے کام شروع کیا جارہا ہے اورضرورت پڑنے پر لائنز کلب انٹرنیشنل گرانٹ میں اضافہ بھی کرسکتا ہے لیکن بعض تیکنیکی وجوہات کے سبب کچھ مسائل درپیش ہیں لیکن وہ جلد ہی دورہوجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے اب سوئیڈش لائنز کلب نے304 خیمے پاکستان بھیجے ہیں،میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ لائنز کلب انٹرنیشنل نے پاکستان میں سیلاب سے متاثر افراد کی مدد کیلئے میری سربراہی میں ایک مستند کمیٹی قائم کی ہے،کونسل چیئرمین ارشد محمود کو اس کمیٹی کاپروجیکٹ چیئرمین مقرر کیا گیا ہے،یہ کمیٹی میری قیادت میں جگہ کا تعین کرے گی اور بعد ازاں مکانات کی تعمیر کیلئے کنسٹرکشن کمپنی اورآڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ملک خدابخش نے لائنز کلب انٹرنیشنل فائونڈیشن (LCIF)  کا  پاکستان میں سیلاب سے متاثر افراد کی امداد کیلئے فنڈز کی فراہمی کا شکریہ ادا کیا ۔

ای پیپر دی نیشن