فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد وومن چیمبر کی صدر روبینہ امجد نے کہا ہے کہ توانائی کے نرخوں میں غیر معمولی اضافہ نے چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والی خواتین کو بُری طرح متاثر کیا ہے اور اگر حکومت نے اِن اداروں کو خصوصی رعایت نہ دی تو یہ ادارے نہ صرف بندہو جائیں گے بلکہ خواتین کو معاشی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ جائے گا۔ خواتین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان اور تعلیم یافتہ خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں مگر موجودہ حالات میں پہلے سے کام کرنے والی خواتین کیلئے بھی مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ خواتین ملک کی مجموعی آبادی کا 52فیصد ہونے کے باوجود قومی معیشت میں ایک فیصد سے بھی کم کا حصہ ڈال رہی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے معاشی مصائب کم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں ۔