شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے:آئی جی پنجاب 

Oct 05, 2022


قصور(حاجی شریف مہر )  انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ ریجن میں منظم جرائم کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران فیلڈ میں جاکر فورس کی پرفارمنس اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین پر تشدد، اغواء اورزیادتی کے واقعات میں زیرو ٹالرینس کے تحت سخت کارروائی کی جائے اورمنشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزموں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے چھانگا مانگا ریسٹ ہاؤس میں شیخوپورہ ریجن کے اجلاس کی صدارت اور صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو تحصیل چونیاں آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آر پی او ڈاکٹر انعام وحید،ڈی پی او قصورصہیب اشرف اور دیگر افسران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات میں بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب نے تھانہ سٹی اور صدر چونیاں کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ آئی جی پنجاب نے چھانگا مانگا ریسٹ ہاؤس میں شہدائے پولیس کی فیملیز سے ملاقات کی۔

مزیدخبریں