ہاتھا پائی کیس، پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کی ضمانت میں توسیع

 اسلام آبا د(نمائندہ نوائے وقت)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کی ٹی وی پروگرام میں ہاتھا پائی کے کیس میں ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا کی عدالت میں شیر افضل مروت اور مدعی وکیل پیش ہوئے۔مدعی سینیٹر افنان اللّٰہ کے وکیل آدم خان نے تیاری کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔عدالت میں شیر افضل مروت نے کہا کہ جج صاحب جو بھی فیصلہ کرنا ہے جلدی کر دیں، مجھے بیرون ملک جانا ہے، مدعی کے مطابق مجھے مارا گیا اور میرے ہی خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ آئندہ سماعت پر سینیٹر افنان اللّٰہ کو بھی عدالت بلا لیتے ہیں اور آپ دونوں کی صلح کرا دیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے شیر افضل مروت کی ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی۔واضح رہے کہ شیر افضل مروت کے خلاف سینیٹر افنان اللّٰہ کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔شیر افضل مروت کی ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سینیٹر افنان اللّٰہ کے ساتھ ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن