نوازشریف کو اصولی طور پر واپس آکر جیل جانا چاہیے: اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ نوازشریف کو اصولی طور پر واپس آ کر جیل جانا چاہیے۔اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو بہت پہلے آجانا چاہیے تھا لیکن شکر ہے انہیں تین سال بعد دوا مل گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں  بھرپور حصہ لے گی۔یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان جناح ہاؤس حملہ کیس میں قصوروار پائے گئے ہیں اور جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گناہ گار لکھا ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ ایسے گواہ اور ان کے بیانات ہیں جن سے تینوں کی جائے وقوعہ پر موجودگی پائی گئی ہے اس لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔ملزمان کے وکیل نے تفتیشی افسر کے بیان پر کہا کہ بیان ہمیں بھی دکھائے جائیں اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم بیان دکھانے کو تیار ہیں۔بعد ازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان کی گرفتاری کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تینوں کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی۔

ای پیپر دی نیشن