لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرا سلیم کی خلاءمیں روانگی کیلئے ٹریننگ کے حوالے سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنے سپیس سوٹ اور پیراشوٹ کو درست طریقے سے فٹ کرنے کے بارے میں سیکھا، ہمیں سپیس شپ میں سیٹوں کی فعالیت اور اپنی سیٹ بیلٹ کو باندھنے اور کھولنے کے بارے میں سکھایا گیا، ہمیں سکھایا گیا کہ ہم کس طرح صفر کشش ثقل پر اپنی نشست سے اٹھ سکیں گے۔ آج ہمارے پاس ٹریننگ کا ایک اور دلچسپ دن ہے۔ نمیرہ سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007ءکو قطب شمالی اور10 جنوری 2008ءکو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ جبکہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستانی خلا باز نمیرہ سلیم کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ 6 اکتوبر کو کامیابی سے خلا کا سفر کریں۔