لاہور+راولپنڈی (نیوز رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلی محسن نقوی کی پنجاب کابینہ کے ساتھ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز آمد، بزنس وویمنز، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرئزز اور کاٹیج انڈسٹریز کے ڈسپلے سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ وویمنز، سمال اینڈ میڈیم انٹرپیرز اور کاٹیج انڈسٹریز کے ڈسپلے سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئی بزنس کمیونٹی کو سرکاری ہسپتال لینے اور خود ہی چلانے کی پیشکش کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے لاہور کے بعد سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی میں پہلی مرتبہ پنجاب کابینہ کا اجلاس ایک منفرد اعزاز ہے۔ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے صوبائی وزراء اور افسران مل کر ڈلیور کر رہے ہیں۔ ٹیم ایک ہو تو ہی رزلٹ مثبت آتا ہے۔ ہمارے پاس جتنا بھی وقت ہے، پوری کوشش کرکے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ مختلف بورڈز میں میرٹ پر بزنس کیمونٹی کو آگے لا رہے ہیں۔ کاروباری شخصیات کو دیگر بورڈز میں بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہاکہ راولپنڈی میں سی بی ڈی آنے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ کوشش ہے کہ ایک ماہ کے اندر سی بی ڈی راولپنڈی میں کام شروع کر دے، اس سے آپ کے کئی مسائل حل ہو جائیں گے۔ بزنس کیمونٹی آگے آئے اور ہسپتالوں میں بہتری کے لئے تعاون کرے۔ پنجاب کے 6 بڑے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تجاویز کی روشنی میں ون ونڈو آپریشن بنا کر شروع کیا جائے گا۔ اگلے چند روز میں ون ونڈو آپریشن کو فائنل کر لیا جائے گا۔ اس سسٹم سے بزنس کیمونٹی کو 36 محکموں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اور 15 روز میں بزنس کمیونٹی کو این او سی جاری ہو گا۔ سی بی ڈی آنے سے راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ اکنامک زون کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ محسن نقوی نے مختصر مدت میں کئی برس کا کام کیا ہے اور پوری ٹیم کو ساتھ لے کر عوامی خدمت میں دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی تقریب میں صنعت کاروں نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے انہیں محسن پنجاب قرار دیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے گروپ لیڈر سہیل الطاف و دیگر نے کہا کہ محسن نقوی محسن پنجاب ہیں۔ جبکہ محسن نقوی نے خوشاب میں ڈیوٹی کے دوران حادثاتی طور پر گولی لگنے سے زخمی پولیو ورکر کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ پنجاب حکومت زخمی پولیو ورکر شہناز عبدالحمید کو 20 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔