کوئٹہ (کامرس ڈیسک) کوئٹہ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (PASDEC) اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (QCCI) کے اشتراک سے ماربل سیکٹر کی بین الاقوامی معیار پر ترقی کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ صدر QCCI حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدرحاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر عبدالاحد آغانے سیمینار میںشرکت کی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے بلوچستان کے معدنی ذخائر روایتی کان کنی کی وجہ سے ضائع ہونے کے بارے میں بتایا۔ شرکاءنے بتایا کہ اگر کان کنی کی جدید تکنیک کو استعمال کیا جائے تو قیمتی ذخائر کے ضیاع کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ سی ای او PASDEC بریگیڈیئر معراج شامی نے ملک میں مشینی مائننگ لانے میں PASDEC کے کردار کا ذکر کیا انہوں نے شرکاءکو یقین دلایا کہ PASDEC کان کنی‘ پروسیسنگ مشینری اور اوزار حاصل کرنے میں ان کی مدد کرے گا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر TDAP عمر حسین باجوہ نے سیشن میں برآمدات کے رجحانات، ممکنہ منڈیوں اور ماربل اور گرینائٹ کی برآمدات کے متعلق بتایا۔انہوں نے کہاکہ برآمد کنندگان کو خام بلاکس کے بجائے ویلیو ایڈڈ اور تیار ماربل سلیب اور ٹائل برآمد کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے شرکاءکو ماربل سیکٹر کے فروغ کے لیے TDAP کی جاری سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔سیمینار کے شرکاءنے ٹی ڈی اے پی سے بین الاقوامی فورمز پر ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کے فروغ اور نمائندگی کے لیے درخواست کی۔ انہوں نے پی اے ایس ڈی ای سی سے مشینی مائننگ کو فروغ دینے کے لیے آسان شرائط پر جدید مشینری فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماربل کی مصنوعات کی کان کنی، کٹنگ، پالش اور پیکنگ سے متعلق تربیت ترجیحی بنیادوں پر دی جائے۔QCCI کے اراکین اور دیگر شرکاءنے اس معلوماتی سیشن کے انعقاد میں TDAP اور PASDEC کے کردار کو سراہا۔ سیمینار میں ماربل، گرینائٹ اور معدنیات کے 50ممتاز برآمد کنندگان سمیت 50 کے قریب شرکاءنے شرکت کی۔