اسلام میں صرف انسانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ جانوروں اور پرندوں کے ساتھ بھی حسن سلوک کاحکم دیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی ساری مخلو ق کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کرنا باعث اجرو ثواب ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا ایک آدمی کہیں جا رہا تھا تو راستے میں اسے پیاس لگی وہ کنویں میں اترا اور پانی پیا جب باہر آیا تو دیکھا کہ ایک کتا پیاس کی شدت سے تڑپ رہا ہے وہ شخص دوبارہ کنویں میں اترا اور اپنا جوتا پانی سے بھر کر لایا اور کتے کو پانی پلایا۔ صحابہ کرام نے عرض کی یا رسول اللہ کیا ہمارے لیے جانوروں کے ساتھ بھلائی کرنے پر کوئی اجر ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ہر ذی روح کے ساتھ بھلائی کرنے پر اجر ہے۔ (بخاری)
اسلام میں خدمت خلق کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ اما م فخرالدین رازی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ دین کی اصل دو چیزیں ہیں ایک اللہ تعالیٰ کی تعظیم اور دوسری اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت۔ آپ فرماتے ہیں تمام عبادات ان دوچیزوں سے باہر نہیں ہیں۔ (تفسیر الکبیر )۔
اللہ تعالیٰ کی تعظیم کرنے کا بہترین عمل نماز ہے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے کا بہترین ذریعہ زکوة ہے۔ قرآن مجید میں ہے کہ جب جنتی دوزخیوں سے سوال کریں گے کہ تمہیں کس چیز نے دوزخ میں ڈالا تو وہ کہیں گے ” ہم نماز نہیں پڑھتے تھے اور ہم غریبوں کو کھانانہیں کھلاتے تھے۔ ( سورة المدثر )۔
سورة الحاقہ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :” اس شخص کو پکڑو۔ پھر اسے طوق پہنا دو ، پھر اسے جہنم میں داخل کرو۔ پھر ایک ستر ہاتھ لمبی زنجیر میں اسے جکڑ دو۔ یہ شخص اللہ کی عظمت کو نہیں مانتا تھا اور غریبوں کو کھاناکھلانے کی ترغیب نہیں دیتا تھا۔ ان آیات سے یہ بات بخوبی واضح ہو جاتی ہے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا ضروری ہے اور اس سے انکار جرم ہے ایسے ہی نہ صرف غریبوں کو کھانانہ کھلاناجرم ہے بلکہ جو اس کی ترغیب نہیں دیتا وہ بھی مجرم ہے۔
اللہ تعالیٰ نے جن لوگوں کو مال و مطاع سے نوازا ہے ان کے مال میں غریبوں کا حق بھی رکھا ہے اور خدمت خلق کا ایک بڑا مظہر غریب پروری بھی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ” اور ان کے مال میں سائل اور محروم کا حصہ ہے “۔ ( سور ة الذاریات )۔
سورة المعارج میں ارشاد باری تعالیٰ ہے ” جن کے مالوں میں سائل اور محروم کا معین حق ہے “۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے ” جو لوگ اپنے مالوں کو رات دن خفیہ اور اعلانیہ خرچ کرتے ہیں ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے اور ان کے لیے نہ خوف ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔ ( سورة بقرة)۔
خدمت خلق کی اہمیت و افادیت (۱)
Oct 05, 2024