گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں پنجاب پریمئر لیگ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پہلے روز 2 میچز کھیلے گئے پہلا میچ لاہور لیپرڈذ بمقابلہ راولپنڈی مارخور، دوسرا رحیم یارخان تھنڈرز بمقابلہ گوجرانوالہ ٹائٹنز کھیلا گیا۔گوجرانوالہ کی تاریخ میں طویل عرصے کے بعد کرکٹ کے شاندار میلے کو سجانے کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کھیلتا پنجاب پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ نے پنجاب پریمئر لیگ کی انتظامیہ سے باقاعدہ ایم او یو سائن کیا اور فلڈ لائٹس میں میچز کی لائیو نشریات کے لیے جیو سوپر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے تمام اخراجات اسپانسرز کی مدد سے کیے جا رہے ہیں اس پر ضلعی انتظامیہ یا حکومت پنجاب کا ایک روپیہ بھی خرچ نہ کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔سٹیڈیم میں سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور نظم ضبط برقرار رکھنے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے جوان، لیڈی کانسٹیبلان کو بڑی تعداد میں سٹیڈیم کے اطراف اور اندر تعینات کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیر آباد نوید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی سرپرستی اور فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشن کو آگے بڑھاے گی اور کھیل کے میدانوں کو آباد کرتے ہوئے صحت مند پنجاب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر سابق قومی کرکٹر عدنان اکمل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر امین وٹو، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شبیر حسین بٹ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی او کارپوریشن اور محکمہ سپورٹس کے افسران موجود تھے۔