قصور (نمائندہ نوائے وقت) بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال مسائل کا گڑھ بن گیا۔ایک طرف ادویات سے لیکر مریضوں کی بنیادی سہولیات کا فقدان تو دوسری طرف آئے روز بجلی کی بندش نے مریضوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور عملہ کو بھی پریشان کر دیا ۔ وائی ڈی اے کے سرپرست ڈاکٹر فراز نے صحافیوں بتایا کہ بلھے شاہ ہسپتال قصور میں ایکسپریس لائن کا منصوبہ گزشتہ کئی برس سے التوا کا شکار ہے۔ تمام تک ادائیگیوں کے باوجود شہر کے واحد سرکاری ہسپتال میں ایکسپریس لائن اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ایک خواب بن چکی ہے۔ اس سلسلے میں حکام بالا کی عدم دلچسپی لمحہ فکریہ ہے۔ وائے ڈی اے اور شہر کے سماجی حلقوں نے شہر کی سیاسی قیادت، ڈپٹی کمشنر قصور، محکمہ ہیلتھ اور لیسکو حکام سے معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر شہاب الدین نے اس سلسلہ سے متعلق بتایا کہ بجلی نہ ہونے، گرمی اور حبس کی وجہ سے سخت اذیت کا شکار ہیں۔ عملی اقدامات نہ ہونے اور معاملات کو سنجیدہ نہ لینے کی وجہ سے کئی انسانی جانیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔