ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل اور ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم حکومت پنجاب کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے فرنٹ ڈیسک کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راؤ نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو فرنٹ ڈیسک پر تشریف لانے والے شہریوں کو دی جانے والی سروسز بارے آگاہ کیا۔ممبران قومی و صوبائی اسمبلیز نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سے آگاہی بارے قائم رہنمائی ڈیسک پر فراہم کی جانے والی معلومات بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں کے فرنٹ ڈیسک پر ٹرینڈ عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں قرض کے حصول کے لیے 1200 درخواستیں موصول ہوئیں۔ 117 افراد خوش نصیب قرار پائے۔دوسرے مرحلے کے لیے ابتک 617 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے گفتگو کرتے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عوامی سہولت کے پیش نظر ضلع کے تینوں اسسٹنٹ کمشنرز کے آفس میں بھی خصوصی طور پر رہنمائی ڈیسک قائم کئے ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے ۔