لاہور(نوائے وقت رپورٹ )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی بہترین فلاح و بہبود کیلئے مسلسل مصروف عمل ہیں اور فورس کی ہیلتھ ویلفیئر، بچوں کی تعلیم، شہداء کے گھروں کی تعمیر و دیگر اقدامات میں ریکارڈ رقم خرچ کی جارہی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں 1 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد رقم فورس کی ویلفیئر اقدامات پر خرچ کی گئی ہے جو گذشتہ برسوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہے۔ پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی مد میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کئے گئے،صحت کے مسائل سے دوچار ملازمین کو میڈیکل گرانٹ کیٹیگری میں 19 کروڑ 63 لاکھ روپے دیئے گئے، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 44 کروڑ 79 لاکھ روپے دئیے گئے، تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 5 کروڑ 34 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 23 کروڑ 15 لاکھ روپے دئیے گئے، گذارا الاؤنس کی مد میں ملازمین کے اہلخانہ کو 18 کروڑ روپے دئیے گئے۔