لاہور (نوائے وقت رپورٹ )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ محکمہ پولیس ملازمین کی مشکلات کا بروقت ازالہ ان سے مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا کرتا ہے لہذا تمام افسران ماتحت سٹاف کی مشکلات کے ازالے کیلئے اقدامات میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین سے ملاقات کے دوران کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں، فوری ریلیف کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیور کانسٹیبل پرویز اختر کے بیٹے کی فیملی کلیم پر بطور جونیئر کلرک بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی، انسپکٹر عبدالستار کی پولیس رولز کے مطابق بطور ڈی ایس پی پروموشن درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو کاروائی کا حکم دیا۔ سپیشل برانچ کے سینیٹری ورکر آصف ندیم کی طبی اخراجات میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کا حکم جاری کیا،ڈرائیور کانسٹیبل اصغر علی کی غازی قرار دینے اور بیٹے کو تعلیمی سکالرشپس دینے کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف دینے کا حکم دیا۔ لاہور پولیس کے غازی کانسٹیبل طارق محمود کی مصنوعی ٹانگ لگوانے میں معاونت کی درخواست فوری کاروائی کیلئے ڈی آئی جی ویلفیئر کو بھجوا دی جبکہ کلاس فور ملازم بوٹا مسیح کی فیملی کلیم پر بیٹی کو جونیئر کلرک بھرتی کرنے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ تمام افسران بھجوائی گئی درخواستوں پر فوری کاروائی کے ذریعے ملازمین کو ریلیف فراہم کریں۔
پولیس ملازمین ‘ اہل خانہ کی ملاقات‘آئی جی پنجاب کا مسائل حل کرنے کا حکم
Oct 05, 2024