لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف ،جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر ، فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا اس وقت اتحادی جماعتیں اقتدار میں ہیں اور عوامی مسائل حل کرنے کا بھرپوراختیار رکھتی ہیں لیکن سیاسی افراتفری کے ماحول میں قوم و ملک کا وقت ضائع ہو رہا ہے اور حکومتی دعوئوں اور بیانات کے بر عکس 16ماہ میں عملی طور پر کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہر حکومت اعداد و شمار کی حد تک جس معاشی ترقی اور بہتری کے دعوے کر رہی ہے۔ عوامی حلقوں میں وہ کہیں بھی نظر نہیں آرہی اور 16 مہینے گزرنے کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں اور مسائل بڑھ رہے ہیں۔ مسائل حل ہوں گے تو عوام سکھ کا سانس لیں گے۔