لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور زید بن مقصود نے زیر تعمیر والٹن روڈ ترقیاتی سکیم کا دورہ کیا اور مکمل روڈ تعمیر پر پیشرفت کا تفصیلاً جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے زیر تعمیر والٹن روڈ پر پیشرفت بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور سید موسی رضا، اے سی ماڈل ٹاؤن و کینٹ۔ واسا اور ٹریفک پولیس افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر لاہور نے والٹن روڈ ڈیفنس موڑ تا قینچی چونگی امرسدھو زیر تعمیر روڈ، ڈرینز، سیوریج، ریمپس، ڈسپوزل سٹیشنز کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ والٹن روڈ کی ایک سائیڈ ڈیفنس موڑ تا چونگی امرسدھو مکمل ہوگئی۔ ٹریفک آمدورفت جاری ہے۔ والٹن روڈ پر اوپن نالہ کو مکمل مسمار کردیا گیا ہے۔نالہ کی جگہ گرین بیلٹس بنیں گی۔ قینیچی امرسدھو سے ڈیفنس جانے کیلئے اوور ہیڈ برج اگلے ہفتے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ والٹن روڈ پر 2 ڈسپوزل سٹیشنز میں سے ایک مکمل اور دوسرا85 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ والٹن روڈ پر یوٹیلیٹیز کیلئے انڈر گراونڈ ٹرنک تعمیر کی جارہی ہے۔ 4 کلومیٹر طویل 6لینز پر مشتمل والٹن روڈ کی دوسری سائیڈ رواں مہینے مکمل ہوگی۔ والٹن روڈ پر 4.3کلومیٹر انڈر گراونڈ ڈرین مکمل ہوچکی ہے۔کمشنر لاہور نے سی بی ڈی کو والٹن روڈ کے باقی کام ڈیڈ لائنز اور ٹائم لائنز کیمطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
والٹن روڈ پر اوپن نالہ کو مکمل مسمار ،گرین بیلٹس بنیں گی: زید بن مقصود
Oct 05, 2024