لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر برائے سکول و ہائیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات خان نے وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر ذہین طلباء و طالبات کی مالی امداد کیلئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سکالرشپ پروگرام کا پنجاب یونیورسٹی میں افتتاح کر دیا ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا ہونہارانڈرگرایجوایٹ سکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام ہے جس کے کے تحت سرکاری و نجی جامعات کے 30ہزار ذہین طلبائوطالبات کو ہر سال سکالرشپ فراہم کریں گے ۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر منصور احمد بلوچ ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ رانا سکندر حیات نے کہا ذہین طلباء و طالبات کے 4 سالہ بی ایس ڈگری پروگرام کی فیس ہر سال وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے ادا کی جائے گی اور ہر سال نئے طلباء و طالبات کو بھی سکالرشپ سکیم میں شامل کیا جائے گا۔ اپر مڈل کلاس کو سکالرشپ پروگرام میں لانے کیلئے فیملی انکم رینج 56 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ کر دی گئی ہے۔