لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں (کلائمنٹ چینج) کے باعث زرعی پیداوار کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اورگارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے چیف ایگزیکٹو شہزاد علی ملک نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ تمام سیڈ کمپنیوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ گرمی کی حدت برداشت کرنیوالے بیج تیار کر کے کسانوں کو فراہم کریں۔انہوں نے اس امر کا اظہارگزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا امسال ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر معمولی گرمی کی لہر کے باعث پنجاب اور سب سندھ میں زرعی فصلوں خصوصا ہائی برڈ چاول کی فصل کو نقصان پہنچاہے۔ کسانوں نے فصل تو کاشت کی لیکن فصل پر پھل نہیں آیا۔ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ جن کسانوں نے اگیتی فصل کاشت کی انہیں نقصان پہنچا تاہم جن کسانوں نے گارڈ کا ایل پی 18 ہائی برڈ چاول کا بیج استعمال کیا ان کا کم نقصان ہوا کیونکہ یہ بیج گرمی کی حدت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اس لئے ان کسانوں کی ہائی برڈ چاول کی پیداوار 70 من فی ایکڑ رہی جبکہ جن کسانوں نے کوئی اور ہائی برڈ چاول کے بیج استعمال کئے ان کی فی ایکڑ پیداوار 30 من سے بھی کم رہی۔