لاہور(خصوصی نامہ نگار ) عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان کو تمام سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ یہ ایمان کی بنیاد ہے۔ اس کے بغیر اللہ کے ہاں کوئی عبادت بھی قبول نہیں ہے۔ اس عقیدے کے خلاف ہر محاذ پر سازشیں تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ ان سازشوں کا مقابلہ اتفاق اتحاد اور وحدت کے ساتھ ہی کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر کے علماء کر ام مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد امجد خان۔مولانا محمود میاں، مولانا محتشم الٰہی ظہیر،مولانا یحییٰ عباسی، مولانا شاہد محمود چشتی، مولانا نور محمد ہزاروی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا رانا محمد عثمان، مولانا شاہد عمران عارفی،حافظ قاسم اور دیگر نے ہائی سکول گراؤنڈ مانگا منڈی میں ایک بڑی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے صدارت حضرت مولانا مفتی محمد حسن اور حضرت مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے کی مولانا محمد امجد خان،مولانا اللہ وسایا،مولانا محمود میاں اور دیگر نے کہا اس عقیدے کے تحفظ کیلئے کام کرنا صرف علماء ہی کی ذمہ داری نہیں پاکستان کے تمام اداروں کا بھی ایمانی اور ائینی ذمہ داری ہے۔