پاکستان کو قرضوں، بین الاقوامی فنانسنگ کے دائرے سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں: امریکہ

واشنگٹن(آئی این  پی ) امریکہ نے کہا ہے کہ  پاکستان کو قرضوں اور بین الاقوامی فنانسنگ کے خوفناک دائرے سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔  امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالرقرض کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 7 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری پاکستان کی معیشت کو تقویت دینے اور دیرینہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کرنے کیلئے اہم ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ یہ ایک طویل مدتی حل نہیں ہے، ایک صحت مند معیشت پاکستان کے طویل مدتی استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کو قرضوں اور بین الاقوامی فنانسنگ کے خوفناک دائرے سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کیلئے مزید تجارت اور سرمایہ کاری، خاص طور پر امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری دونوں کام کر سکتا ہے، اگر پاکستان اقتصادی اصلاحات کے لیے مستقل عزم کو برقرار رکھتا ہے تو معیشت مستحکم ہوگی۔ترجمان نے مزید کہا کہ اقتصادی اصلاحات سرمایہ کاروں کے لیے یقین اور اعتماد پیدا کریں گی اور مضبوط، پائیدار، جامع ترقی کو دلیری سے آگے بڑھانا اہم۔ہے،ان اصلاحات سے معیشت مستحکم اور پاکستانی عوام کے لیے اعلی معیار زندگی فراہم ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن