مہنگائی میں پھر اضافہ، ٹماٹر، پیاز، آٹا، چکن  21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں: ادارہ شماریات

Oct 05, 2024

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا اور 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔ ملک میں دوسرے ہفتے بھی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بھی بڑھ کر 13.80 فیصد پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ او10ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20اشیاء  کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں 18.51 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 5.89 فیصد چکن کی قیمتوں میں 3.72 فیصد، آٹے کی قیمتوں میں 3.63 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 1.41فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 0.92 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.58فیصد، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0.51 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 2.47 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.98 فیصد، ماچس کی قیمتوں میں 0.97فیصد اور سگریٹ کی قیمتوں میں 0.10فیصد اضافہ ہوا جبکہ آلو کی قیمتوں میں 1.08 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 1.45فیصد، چینی کی قیمتوں میں1.39 فیصد، کیلوں کی قیمتوں میں 1.29 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.80 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 0.38 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں0.81 فیصد، ڈیزل کی قیمتوں میں 1.32 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 0.53 فیصد اور گڑ کی قیمتوں میں 0.59 فیصد کمی واقع ہوئی۔

مزیدخبریں