لاہور (لیڈی رپورٹر) مطالبات کی منظوری کے لئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد دو نابینا افراد نے پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کو شش کی۔ ایک نے پٹرول پی لیا جسے فوری طور پر سروسز ہسپتال لے جایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قبل ازیں 12 روز سے اپنے مطالبات کے حق میں کلب روڈ پر دھرنے میں شرکت کیلئے پنجاب بھر سے آئے نابینا افراد نے گزشتہ رات احتجاجی مظاہرے کیلئے ٹائروں کو آگ لگانا شروع کی۔ پولیس اور سوشل ویلفیئرکے افسروں نے انہیں نئے وعدے کرکے ٹائروں کو آگ لگانے سے روک لیا۔ ٹائر چھین لئے، جس پر دو نابینا افراد نے وہی پٹرول خود پر چھڑک لیا اور ایک نابینا رشید الحسن نے پٹرول پی لیا۔ نابینا افراد گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ ہم میں سے کوئی بھی کلب روڈ چھوڑ کر باغ جناح نہیں گیا اور نہ ہی جائے گا۔ دریں اثنا کلب روڈ پر موجود ڈائریکٹر لاہور ڈویژن مزمل یار نے ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت نابینا افراد کے ساتھ پازیٹو ہے، جلد ان کے مسائل کا حل نکل آئے گا۔