اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر ردعمل میں کہا کہ پھر تحریک انتشار کی مظاہروں اور جلسوں کی وجہ سے اسلام آباد کا پہیہ بند ہے، بیان میں انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کی وفاقی وزیر دارالحکومت میں موجودگی کے باوجود اسلام آباد پر یلغار کا اعلان قابل مذمت ہے، اسی ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس ہونا ہے، اس صورتحال میں اسلام آباد میں بدامنی اور انتشار پیدا کر کے تحریک انصاف عالمی دنیا کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ آپ کے اسلام آباد میں دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر کے اپنا دورا منسوخ کیا تھا، کیا اب آپ شنگھائی تعاون تنظیم کوبھی سبوتاژکرنا چاہتے ہیں؟ تحریک انصاف ملکی مفادات کو اپنی سیاست کے نظر کر رہی ہے، جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کال دیتا ہے اور خیبر پختونخواہ کی حکومت یلغار کیلئے نکل پڑتی ہے، اسلام آباد اور لاہور میں لوگوں کی عدم شرکت کے بعد تحریک انصاف کو احتجاج کی سیاست چھوڑ کر خیبر پختون خواہ میں اپنی حکومت پر توجہ دینی چاہئے تھی کے پی حکومت اپنا تماشہ بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے۔