سموگ: محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات جلانے کیلئے مستقل پالیسی بنائے، عدالت

Oct 05, 2024

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کی درخواستوں پر چیف انجینئر ایل ڈی اے کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملتان موٹروے پر فصلوں کی باقیات جلائی جا رہی ہیں، فصلوں کی باقیات جلانے کے حوالے سے محکمہ زراعت ایک مستقل پالیسی بنائے۔ ایل ڈی اے نے ٹولنٹن مارکیٹ کے حوالے سے کارکردگی رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی، عدالت نے وکیل ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ ٹولنٹن مارکیٹ کے حوالے سے بنائے گئے نقشے پر عملدرآمد کریں۔ عدالت کے استفسار پر ممبر جوڈیشل کمشن نے اسکول کو بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے بسوں کے حوالے سے سیکرٹری سکولز کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے، عدالت نے کہا کہ انہیں یا تو اپنی بسیں خریدنی ہوں گی یا پھر آئوٹ سورس کرنا ہوں گی۔ فوکل پرسن جوڈیشل کمشن نے عدالت کو بتایا کہ قصور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ٹینریز ایسوسی ایشن کے حوالے کیا گیا تھا، جس پر عدالت نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے عملدرآمد نہ ہونے کی درخواست پر ٹینریز ایسوسی ایشن کو سن کر 15 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر ایسوسی ایشن کوئی پلان جمع کروانے میں ناکام رہتی ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مزیدخبریں