اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں استحکام آ رہا ہے، ملکی معیشت ترقی کرے گی تو عام آدمی کو روزگار ملے گا، مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، کھانے پینے کی اشیاء بھی سستی ہو رہی ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ریٹ متوقع ہے، جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی والے تو کنٹینر لے کر وزیر اعظم ہاؤس گھس گئے تھے۔ اپنے دور میں رانا ثناء اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنوایا۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ نوازشریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور احسن اقبال سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمات بنوائے۔
حکومتی اقدامات سے معیشت ترقی کی راہ پر گامزن: مصدق ملک
Oct 05, 2024