اسلام آباد (عترت جعفری) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کی وزیر داخلہ کی موجودگی میں وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اگرچہ اس بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تا ہم اسلام آباد میں موجود حلقے یہ بتا رہے ہیں کہ کے پی کے میں جاری صورتحال کو قابو میں لانے کے لئے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا ہے، آئین کے تحت ہنگامی صورت حال میں آئین کے تحت وفاقی حکومت کو اختیارات دستیاب ہیں۔ ان میں گورنر راج بھی ایک آپشن ہے، تاہم سرکاری ذرائع نے کہا کہ اس طرح کا قدام نہیں ہو گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں گورنر کے پی کے اور ان کے بھائی جو ایم پی اے ہیں موجود تھے۔ وفاقی حکومت کے حوالے سے شکوے بھی کئے، اور کہا کہ صوبے کی جانب وفاقی حکومت کی توجہ نہیں ہے۔ اعلی حکومتی زعما صوبے کا رخ کرنے سے کترار رہے ہیں، صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور میں دلچسپی لی جانا چاہئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ صوبے کی حکومت کی جانب سے احتجاج کی سرپرستی سے سکیورٹی خدشات بہت زیادہ سنگین ہو چکے ہیں، گزشتہ روز ایک دوسرے معاملے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم سے ملے تھے جبکہ گورنر کے پی کے کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کے پی کے نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ صوبے کے معاملات کو دیکھیں۔