عالمی یومِ اساتذہ آج ‘ٹیچرکسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہیں‘ صدر‘وزیراعظم 

لاہور‘اسلام آباد ( لیڈی رپورٹر‘نمائندہ خصوصی‘خبر نگار خصوصی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم اساتذہ آج منایا جا رہا ہے۔صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آ صف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنی آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کے کردار کے اعتراف میں عالمی یومِ اساتذہ منا رہے ہیں۔ اساتذہ کسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہیں کیونکہ وہ نوجوان ذہنوں کی پرورش کرتے ہیں۔ قابل اساتذہ اپنے طلباء میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیتیں ‘اخلاقی اقدار پیدا کرکے انہیں ذمہ دار اور مفید شہری بننے میں مدد دیتے ہیں۔ اساتذہ کو اخلاقی اقدار، محبت، رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دے کر طلباء کی اخلاقی تربیت کرنی چاہیے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیے اساتذہ کی لگن ناگزیر ہے۔جدیدانفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم اساتذہ پر پیغام میں کہاآج کے دن ہم ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل اور علم کو فروغ دینے کے عظیم مشن کو سر انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ درحقیقت کسی ملک کی ترقی بنیادی طور پر اس کے افراد کی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے اور یہ اساتذہ کی انتھک محنت ہی ہے جو  نوجوان نسل میں ترقی اور خوشحالی کی تحریک اور لگن پیدا کرتی ہے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر آج عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے ''ہیرو ایوارڈ تقاریب'' منعقد کی جائیں گی۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائیاور انہیں ایوارڈ سے نوازا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن