علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین و لبنان منایا گیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں یکجہتی فلسطین و لبنان منایا گیا۔ کراچی سے خیبر تک علماء  و مشائخ ، آئمہ و خطباء نے خطبات جمعۃ المبارک میں فلسطین اور لبنان کے عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا جنگی جنون پاگل پن کی حد تک بڑھ چکا ہے جو ناصرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی سنگین خطرہ بن چکا ہے‘ گزشتہ ایک سال میں پچاس ہزار فلسطینی اور لبنانی صیہونی جبر و استبداد کا شکار بن چکے ہیں۔ اقوام متحدہ‘ عالمی عدالت انصاف اور بین الاقوامی برادری نے فوری طور پر عملی اقدامات کے ذریعے جنگ بندی نہ کرائی تو اس بات کاخدشہ ہے کہ فلسطین اور لبنان میں لگی اس آگ کی تپش پوری دنیا میں محسوس ہوگی۔ سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے مسئلہ کے حل کے لئے عالمی اتحاد قائم کرنے کے اعلان خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی و ملک بھر سے خطیب حضرات نے خطبات جمعہ میں کیا۔ علماء و مشائخ نے کہا کہ صیہونیت مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور مسئلہ فلسطین کے حل میں اصل  رکاوٹ ہے، دور حاضر کے ہٹلر اور مسلمانوں کے جانی دشمن صہیونی وزیر اعظم نیتن یاہو اور اسکا گروہ جنگ کو دوسرے ممالک تک بڑھا رہے ہیں۔ اس کے جنگی جنون نے عالمی امن کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ اگر اسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو دنیا عالمی جنگ کی جانب چلی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن