چینی سفیر کی ملاقات، ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق، کھویا مقام حاصل کرینگے: احسن اقبال

Oct 05, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی صدارت میں ایک اجلاس ہوا جس میں گوادر پورٹ اور گوادر فری زون کی ترقی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر بات چیت کی گئی۔ چینی سفیر اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے درمیان ملاقات میں چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان اہم سٹرٹیجک اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے ایک اہم موقع پیدا ہوا ہے جس سے ٹھوس نتائج حاصل ہونا چاہیے۔ ملاقات میں ایک ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو دورے کے ٹھوس نتائج کے حوالے سے کام کرے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے انٹرنیشنل سپیس ویک کے آغاز کے موقع پر پاکستان کے نوجوانوں اور سائنسدانوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا۔ انٹرنیشنل سپیس ویک 4 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ آج کی دنیا میں جو نئی ٹیکنالوجیز انسانی ترقی پر گہرا اثر ڈال رہی ہیں، ان میں سپیس ٹیکنالوجی اور خلا کی تسخیر کا شعبہ نمایاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک خلا میں تحقیقی مشن بھیج کر انسانیت کے لیے نئے امکانات پیدا کر رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں