شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر احتجاج منفی پیغام، گنڈاپور واپس جائیں: عطاء تارڑ  

Oct 05, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سی پیک کے آغاز پر بھی دھرنا دیا تھا اور جب اقتدار میں آئی تو سی پیک کو سلو ڈائون کر دیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ وہ پشاور جائیں۔ پاکستان کو ایک عظیم ریاست بنائیں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے، ایسے مواقع پر احتجاج منفی پیغام ہے، ہمیں پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کو دکھانا ہے۔ جمعہ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ سفر جاری و ساری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان بہت کامیاب رہا ہے، ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دورہ پاکستان کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھایا جو پاکستان کے لئے خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کے تجارتی خسارے میں واضح کمی ہوگی، پاکستان میں سرمایہ کاری ہوگی جس سے کاروباری طبقہ مستفید ہوگا۔  پاکستان سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کے لئے ایک نیا مقام بن چکا ہے، بیرون ملک سے آنے والے وفود کو پاکستان کے سافٹ اور مثبت تشخص سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کے وفود کا پاکستان آنا اس بات کی دلیل ہے کہ خارجہ پالیسیوں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں