سندر (نامہ نگار/ تنویر سیال) پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے جاتی امراء میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق اور پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور زراعت میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کی پارٹنرشپ نہایت اہمیت کی حامل ہے، آسٹریلیا کے تعاون کو سراہتے ہیں اور آسٹریلوی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر مکمل معاونت کریں گے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ فراہم کیا جارہا ہے اور ہم زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں آسٹریلیا کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں۔