لاہور (نیوز رپورٹر) ایک اور وعدے کی تکمیل، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ مریم نواز کی ہدایت پر آٹزم سکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کر دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے آٹزم ماہرین کی فوری ہائرنگ کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے آٹزم کے ماہرین کی مشاورت سے پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹزم سکول کے ماڈل کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پہلے آٹزم سکول سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلا آٹزم سکول گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور پر مشتمل ہوگا۔ جونیئر سیکشن کے لیے 11 کلاس رومز اور سینئر سیکشن کے لئے10کلاس روم بنائے جائیں گے۔ آٹزم سکول میں مستقبل کے استعمال کے لیے دو مزید فلور بنانے کی گنجائش ہوگی ۔ سکیورٹی وال، فائر الارم سسٹم، ٹیلی فون ایکسچینج، اوور ہیڈ ریزروائر قائم ہوگا۔ وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان کا پہلا آٹزم سکول کا پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ آٹزم کے شکار بچے ہمدردی اور محبت کے مستحق ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے مختلف محکمو ں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا اور سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کے لئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دی گئی۔ ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کے لئے پلاننگ کی ہدایت کر دی اور صوبہ بھر میں ریسٹورنٹس، بیکریوں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا۔ جو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کی ٹائم لائن مقرر کر دی گئی۔ عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیاد ہ نہیں ہیں۔ ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش دی۔
ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو میں اضافہ، پائی پائی عوام پر خرچ ہو گی: مریم نواز
Oct 05, 2024