اسلام آباد(خصو صی ر پور ٹ ) انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید مہارتیں سیکھنے اور آن لائن کاروبار کرنے کا خواب رکھنے والے نوجوان طلبہ کے لیے اسلام آباد کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس قائم کردئیے گئے ۔وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق اسلام آباد کے پانچ سرکاری سکولوں میں قائم کیے گئے ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں مفت انٹرنیٹ سروسز، جدید کمپیوٹرز اور فری لانسنگ کی دیگر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وزارت تعلیم کے سیکرٹری محی الدین وانی کاکہنا ہے کہ سرکاری سکولوں و کالجوں میں موجود بڑے ہالز کو ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑے کورسز کروانا اور پھر انہیں وہیں پر آن لائن کاروبار کرنے کے لیے ایک جدید اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ سیکر ٹر ی محی الدین وانی کا مز ید کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارکس میں آئی ٹی کی نمایاں کمپنیاں بھی دورہ کریں گی جو نوجوان طلبہ کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں نوکری کی بھی پیشکش کریں گی۔