دو سو ممتاز اوورسیز پاکستانیوں کی مشاورتی کونسل کا آغاز کیا جا رہاہے،سید قمر رضا

اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین بورڈ آف گورنرز، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کے ترسیلات زر کے ذریعے کردار ادا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کا نرم امیج پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیاواشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانے میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے او پی ایف کے ذریعے دستیاب فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو سو ممتاز اوورسیز پاکستانیوں کی ایک مشاورتی کونسل کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ او پی ایف کے فلاحی دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکے اور اجتماعی طور پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے منصوبے بنائے جا سکیں۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز، او پی ایف نے زور دیا کہ کمیونٹی کو سالانہ ترسیلات زر میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ ملک کو مالی بحران سے نکالا جا سکے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آپس میں اتحاد برقرار رکھیں پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو ہر قسم کی مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پیشکش کی کہ سفارت خانے کے دروازے پاکستان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور سرگرمیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی کو امریکی عوام کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کا مشورہ دیا جو ہماری معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں ممتاز پاکستانی رہنماؤں  جواد شیرازی، اسد چوہدری، عائشہ خان اورمظہر چغتائی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور چیئرمین سید قمر رضا کی اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کاری اور پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی چیئرمین نے امریکہ کے ممتاز کاروباری شخصیت اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر، جناب ساجد تارڑ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین سید قمر رضا نے امریکہ میں پاکستانیوں کی خدمت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں جناب ساجد تارڑ کی خدمات کو سراہا۔ جناب ساجد تارڑ نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے چیئرمین او پی ایف بورڈ آف گورنرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ای پیپر دی نیشن