سعودی عوام مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں: عبدالعزیز ابراہیم الغدیر

Sep 05, 2010

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (خبر نگار) سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر نے کہا ہے کہ سعودی عوام مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘ ہم متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے سعودی نہیں بلکہ بحیثیت پاکستانی قوم کام کر رہے ہیں۔ پاکستانی بھائیوں کی مدد کیلئے کسی کے کہنے کی ضرورت نہیں‘ جب سے ہمیں معلوم ہوا ہم نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں تھیں۔ خادم الحرمین شریفین کی اپیل پر سعودی عوام نے ایک سو سات ملین ڈالر اکٹھے کئے‘ پاکستانی اور سعودی بھائی الگ لگ نہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان میں سیلاب کی اطلاع ملتے ہی خادم الحرمین الشریفین کی اپیل پر سعودی عرب میں پاکستانیوں کی امداد کے لئے عوامی مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت صرف 24 گھنٹے میں 107 ملین ڈالر جمع ہو گئے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سعودی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی بھیجی گئی جو پانی میں پھنسے افراد کو نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مدد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کیا۔ سعودی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر خالد عثمانی اور ریلیف کاموں کے سربراہ بریگیڈئیر سعود العمانی بھی موجود تھے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کی مدد کسی کی درخواست پر نہیں کی۔ دنیا کا بہت بڑا فیلڈ ہسپتال پاکستان میں لائے ہیں جس میں ہر قسم کی سہولت موجود ہے۔ فیلڈ ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر طارق نے کہا کہ ایک ہسپتال جلد ٹھٹھہ میں قائم کر دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میں کام کرنے والے سعودی باشندوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔ بریگیڈیئر سعود العمانی نے کہا کہ پاکستان میں ریلیف کا سارا کام پاکستانی سفیر کی زیر نگرانی ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد عثمانی نے کہا کہ پاکستانی اور سعودی عوام کے درمیا ایک مضبوط رشتہ موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ سعودی عوام ہر مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد کے لئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ایک کارگو طیارہ سعودی عرب سے پاکستان پہنچا ہے جس میں 50 ٹن کھجوریں اور 50 ٹن بچوں کے لئے دودھ ہے۔ اسی طرح اگلے ہفتے ایک کارگو طیارہ پاکستان پہنچے گا جس میں متاثرین سیلاب کے لئے 100 ٹن کھجوریں ہوں گی۔
مزیدخبریں